صدر نے گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو عام انتخابات کرانے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر عارف علوی نے گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کیلئے عام انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔ نجی چینل کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کیلئے عام انتخابات کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دی ہے۔ جس کے بعد اب گلگت بلتستان میں عام انتخابات 15 نومبر اتوار کو ہوں گے۔ گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر اسمبلی تحلیل ہوگئی تھی اور الیکشن کمیشن نے 2 جولائی کو انتخابی شیڈول جاری کیا تھا، جس کے تحت 18 اگست کو پولنگ ڈے مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم (ن) لیگ کے رکن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائرکی گئی تھی اور الیکشن کمیشن نے دو جولائی کو جاری انتخابی شیڈول معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔ صدر مملکت نے شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ صدر نے حوالدار تاجبر علی‘ سپاہی رشید اور سپاہی صابر شاہ کے اہلخانہ سے بات کی۔ صدر نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ صدر نے شہداء کو ان کی خدمات اور بہادری پر خراج عقیدت پیش کیا۔