لاہوری نوجوانوں نے دنیا کی پہلی وائس کنٹرولڈ وہیل چیئر بنا ڈالی
لاہور (نیٹ نیوز) سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے پاکستان میں آواز کے ذریعے چلنے والی جدید آٹومیٹک وہیل چیئر کی ویڈیو اپ لوڈ کی۔ اسد عمر سے بات کرتے ہوئے آئیکو پرائیوٹ لمیٹڈ کے بانی فائز نے بتایا کہ وہ ایک سال کے اندر اندر 100 سے زائد وہیل چیئرز فروخت کر چکے ہیں۔ اس جدید وہیل چیئر کا نام گوبی رکھا گیا ہے۔ گوبی انسانی آواز پر حرکت کرتے ہوئے آگے پیچھے آتی جاتی ہے جبکہ دائیں بائیں مڑ بھی سکتی ہے۔ 100 میٹر کی حدود میں اس جدید وہیل چیئر کو آپریٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔ گوبی کی بیٹری لانگ ٹرم ہے جس کی چارجنگ 25 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔ اس وہیل چیئر کے متعارف ہونے سے قبل پاکستان میں الیکٹرک وہیل چیئر دوسرے ممالک سے درآمد کی جاتی تھیں جس میں سے ایک وہیل چیئر کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے تک ہوتی تھی۔ فائز کی تیار کردہ جدید وہیل چیئر پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کی پہلی وائس کنٹرولڈ وہیل چیئر ہے۔