کینسر کا باعث بننے پر معدے کی دوا ’’زینٹک‘‘ پر پابندی
لاہور (نیٹ نیوز) معدے کے امراض میں استعمال ہونے والی رینٹڈین دوا میں کینسر کا باعث بننے والے اجزا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پاکستان میں ’زینٹک‘ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی ادارے ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ رینٹڈین نامی دوا میں ممکنہ طور پر کینسر کی وجہ بننے والا کیمیکل پایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں زین ٹیک اور دیگر اس قسم کی دواؤں میں خطرناک اجزاء کی موجودگی سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے (رینیٹی ڈائن) ایچ سی ایل دوا پر عارضی پابندی عائد کر دی۔ ڈریپ کی جانب سے ملک بھر میں (رینیٹی ڈائن) ایچ سی ایل کے حامل ادویات کی فروخت پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں رینیٹی ڈائن دوا زینٹک کے نام سے فروخت کی جاتی ہے‘ رینیٹی ڈائن ایچ سی ایل میں نائیٹرو سامائین کی آمیزش سامنے آئی ہے جو کینسر کا سبب بنتا ہے۔