عوام پرمنی بجٹ کی صورت میں منی مہنگائی کا بم گرایا گیا، حکومت کے اچھے کاموں میں تعاون کریں گے : شہبازشریف
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ برسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کا بم گرایا گیا۔حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے۔ قومی اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے کمیشن کی ہم سب تحسین کرتے ہیں امید کرتے ہیں کہ یہ کمیشن نتائج تک پہنچ کر اپنی رپورٹ جلد از جلد اس ایوان میں پیش کرے گا۔ ہم یہاں 2018کے غیر شفاف نتائج کو دوام بخشنے کیلئے نہیں آئے بلکہ جمہوریت کے فروغ اور جمہوریت کی شمع کو روشن رکھنے کیلئے آئے ہیں ۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ حزب اختلاف اس معاملے میں حقائق کی روشنی میں بھر پور تعاون کرے گی ۔ مجھے جناب سپیکر آپ سے امید ہے کہ آپ اس کمیشن کی رپورٹ کو جلد از جلد مکمل کروا کر ایوان اور پوری قوم کے سامنے لائیں گے کسی بھی ملک کی طاقت اس کی معاشی حالت سے جڑی ہوتی ہے ۔ میں اعتماد سے کہتا ہوں کہ 2013میں ن لیگ کی حکومت کو جو چیلنجز ملے تھے خواہ وہ دہشتگردی ہو لوڈ شیڈنگ کا چیلنج ہو ان کا ہماری حکومت نے عوام کے ساتھ مل کر مقابلہ کیا ۔ زراعت کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ن لیگ کی حکومت نے دیا لاکھوں ٹیوب ویلز کو بجلی میں سبسڈی دی گئی ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے نوازشریف کی قیادت میں اس قوم کی بھر پور خدمت کی ہے ۔ کسانوں کو بلا سود اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے زراعت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا پوری قوم جانتی ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے ووٹوں کے ذریعے نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوارہے ۔ عام انتخابات میں تبدیلی کے عملبرداروں نے الف لیلیٰ کی دستانیں سنائیں اور ہوا میں قلعہ تعمیر کئے اور اپنی عادت کے مطابق یا پھر مجبور ہوکر بڑے بڑے سبز باغ دکھائے اور وعدے وعید کئے تبدیلی کی آس میں جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے وہ بھی آج پریشان ہیں نئے پاکستان کی نوید سنانے والے میرٹ کو مستحکم کرنے کا نعرہ لگانے والے اور دعوے کئے کہ ہم بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے لیکن آج ذاتی دوستوں خدمت گاروں اور امپورٹڈایڈوائزرہر جگہ نظر آتے ہیں ۔ پروٹوکول نہ لینے اور سادگی کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی امریکی سیکرٹری سے فون پر گفتگو کرکے قوم کے ساتھ غلط بیانی کی گئی اور چائنہ جو ہمارا ہمالیہ نما ایک بہترین دوست ملک ہے دونوں کی دوستی ضرب المثل ہے اگر ان کے وزیر خارجہ تشریف لاتے ہیں بجائے اس کے کہ ان کو سرآنکھوں پر بٹھایا جاتا انہیں نہ صرف انتہائی سرد مہری سے بلکہ انتہائی بے رخی سے ان کا استقبال کیا گیا ۔ جن دوستوں نے سی پیک کے بارے میں جو باتیں کی ہیں وہ پاکستان کے ساتھ بدترین دشمنی کے مترادف ہے ۔ سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ۔ یہ خطے کے اور پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک سنہری موقع ہے ۔ اس حوالے سے نئی حکومت کو اس طرح کا رویہ اختیار کرنا کبھی زیب نہیں دیتا تھا ۔ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان ترقی کا ایک پل ہے ۔ یہ پاکستان کی ترقی کا عظیم منصوبہ ہے ۔ پاکستان کی 22کروڑ عوام اور حزب اختلاف اور یہ ایوان سی پیک کو کہیں نہیں جانے دے گا۔ ہم اس کے راستے میں دیوار چین کی طرح کھڑے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برسوں غریب عوام کا رونا رویا گیا مگر اب وزیر خزانہ نے منی بجٹ کی شکل میں ایک منی مہنگائی کا بم گرایا ہے ۔ میں تنقید برائے تنقید کا قائل نہیں لیکن حقیقت ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے ساڑھے 10فیصد سے گیس کی قیمت بڑھا کر 145فیصد تک مہنگی کی گئی ہے مجھے اسد عمر سے یہ توقع نہیں تھی کہ اس طرح کا عوام دشمن بجٹ لائیں گے ۔ اگر آپ اشرافیہ کیلئے قیمتیں بڑھا دیں کوئی اختلاف نہیں کرے گا۔ غریبوں پر اتنا بڑا بوجھ ڈالنا ظلم وزیادتی ہے ن لیگ کی حکومت نے 5برسوں میں ایک دھیلہ گیس کی قیمت نہیں بڑھائی تھی اور پھر سی پیک کے بجلی منصوبوں پر ریٹ آف انٹرسٹ کہاں سے آگیا یہ تو خالصتاًسرمایہ کاری ہے ۔ کھاد کی فیکٹریوں کیلئے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی ہے ہمارے دور میں لگائے گئے گیس سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے تاریخ کے سستے ترین ہیں گیس کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجائے گی جس کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔ میں ایوان کے توسط سے حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیں کیونکہ پاکستانی قوم نے آپ کے اس فیصلے کو رد کردیا ہے۔