راہول گاندھی نے بھارت کے چوکیدار کو ہی چور کہا,پاکستان اپنے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے:بابر اعوان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی چوری نہیں چھپ سکتی‘ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں‘ بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے‘ راہول گاندھی نے بھارت کے چوکیدار کو ہی چور کہا ہے‘ پاکستان اپنے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت کے چوکیدار کو ہی چور کہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کے لیے راہول گاندھی نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم چور ہے، مودی کی چوری کے بارے میں سابق فرانسیسی صدر نے بھی گواہی دی۔ بابراعوان نے مزید کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرانا ہوگا، نواز دور حکومت میں مودی کو پاکستان میں بہت سہولتیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے پاکستان کو دھمکیاں مل رہی ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیر سے پیچھے ہرگز نہیں ہٹیں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ پہلی دفعہ وزیراعظم نے ٹویٹ کے ذریعے بھارت کو جواب دیا، پہلی دفعہ بھارت کو پاکستان سے اس قسم کا جواب دیا گیا ہے۔ آنے والے بھارتی ریاستی انتخابات کے لیے مودی اینٹی پاکستان ماحول بنانا چاہتا ہے، مودی کو سخت ناکامی ہوگی۔ بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سارے ادارے ایک پیج پر ہیں وزیراعظم خود پارلیمنٹ میں اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بات کریں گے اور اعتماد میں لیں گے۔