ڈھوک گنگال کے رھائشیوں کی دہائی، کمشنر راولپنڈی نوٹس لیں
مکرمی :ایک ہفتے میں ڈکیتی کی پانچ سے زیادہ وارداتوں نے ڈھوک گنگال کے رھائشیوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے ۔ 15ستمبر ہفتہ کی صبح فضائیہ کالونی کے سامنے چار موٹر سائکل پر سوار چھ مسلح افراد نے سرکاری ملازم سے موبائل فون اور نقدی چھینی اور پھر آگے ھائی وے روڈ پر موجود مسافروں سے لوٹ مار کر کے کھنہ پل کی طرف فرار ہو گئے اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹو مقامی کالونی کے کیمروں میں موجود ہے ،تھانہ کورال کے اہلکاروں نے اس کی ایف آئی آر تک نہیں کاٹی ، دوسرے دن( 16ستمبر کو) اسی جگہ پر کریم ٹیکسی ڈرائیور کو سہ پہر چاربجے لوٹ لیا گیا ۔اس تمام واردات کی سی سی ٹی وی بھی موجود ہے جو تھانہ کورال کے ایس ایچ او کو دے دی گئی ہے اسی شام کھوکر روڈ پر ون ٹو فائیوموٹرسائیکل چھینی گئی پولیس تاحال اسے پکڑ نہ سکی۔ نویں اور دسویںمحرم کی درمیانی شب ڈھوک گنگال میں واقع بیکری کے تالے توڑ کر قیمتی سامان اور نقدی لوٹی گئی شام کو بوستان ٹائون سے موبائل چھینا گیا۔ اہل علاقہ ان دنوں خوف ہراس کا شکار ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے عوام کو لٹیروں کے رحم و کرم پہ چھوڑ دیا ہے حوالے کر دیا ہے۔معززیں نے آرپی او ، سی پی او ، ڈی ایس پی اور کمشنر راولپنڈی سے پر زور اپیل کی کہ وہ علاقے کو تحفظ فراہم کریں ۔( اہل علاقہ ڈھوک گنگال راولپنڈی)