ہم دینی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے‘ شیخ راشد شفیق
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں محمد زبیر کیانی اور آفتاب قریشی نے این اے 60 سے پی ٹی آئی کے نامزد اور عوامی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ راشد شفیق کی حمایت کردی ہے۔اس کا اعلان انہوں نے گلزار قائد میں شیخ راشد شفیق کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں کیا۔ شیخ راشد شفیق نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے ختم نبوت کے حلف نامے پر قومی اسمبلی میں تاریخی کردار ادا کیا تھا۔ ہم دینی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے پہرہ دیں گے۔ انہوں نے این اے 62 کی طرح این اے 60 میں انتخابی حمایت کرنے پر علماء کرام سے اظہار تشکر کیا۔