فنکاروں اور آرٹسٹوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائینگے، فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے فنکاروں اور آرٹسٹوں کو ان کی اصلاحیتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔راولپنڈی آرٹس کونسل میں آرٹسٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائس آف پنجاب کے نام سے میوزیکل مقابلے راولپنڈی ،لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں منعقد ہوں گے جن میں نوجوان گلوکاروں کو اپنے فن کے اظہار کے مواقع حاصل ہوںگے ۔9نومبر کو یوم اقبال کے موقع پر مزار اقبال پر منفرد تاریخی پروگرام ہوگا۔اس طرح سال رواں کے اختتام پر عالمی صوفی میلہ منعقدہوگا ۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فنکار معاشرے کا حساس طبقہ ہیں جن کے مسائل حل کرنے اور انہیں فنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔اس موقع پر ڈایکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد ،ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی حامد جاوید اعوان اورراولپنڈی کے معروف آرٹسٹ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ قومی ہیروسپاہی مقبول حسین کی شہادت اور خدمات پر خصوصی ڈرامے کا سکرپٹ تیار کر لیا گیا ہے جو 15نومبر کو الحمرا لاہور میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد یہ اسٹیچ ڈرامہ دیگر شہروں میں بھی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنکار وں کے لیے مالی معاوضے،علاج معالجے اور وظیفہ کے اجراء کے لیے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے آرٹسٹوں نے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں معیاری سٹیج ڈرامے اور تفریخی پروگرام پیش کر کے شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔آرٹسٹوں کی درخواست پر صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مقامی آرٹسٹوں کو راولپنڈی کونسل میں آفس کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ وہ ثقافتی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور عوامی تفریحی پروگرام تیار کریں جن کے لیے ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور تمام آرٹسٹوں کو بلاامتیاز راولپنڈی کو نسل کے سٹیج ڈراموں میں کاسٹ کرنے کی پالیسی پر عملدآمد کیا جائے گا۔