حسین ؑ رب کا حسین ؑسب کا:عشرہ محرم کے پرامن اختتام پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا اظہار تشکر
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی مرکزی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے کنوینر سید شجاعت علی بخاری نے ملک بھر میں جلوس ہائے عاشورہ کی پرامن انجام دہی پرانتظامیہ ، تمام مکاتب فکر،عزاداران اورالیکٹرانک و پرنٹ میڈیا رضاکار تنظیموں سمیت خدمات سر انجام دینے والے تمام اداروںسے اظہار تشکرکیا ہے ۔عزاداری سیل کے مرکزی کنٹرول روم میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے عزاداروں کے مسائل کے حل اور قیام امن کیلئے وزیر مملکت شہریار آفریدی کی کاوشیں لائق تحسین رہیں جس سے قوم وملک کے بدخواہوں کی سازشیں ناکام ہوئیں ۔سید شجاعت بخاری نے باور کرایا کہ ایام عزائے حسینی 8ربیع الاول تک جاری رہیں گے لہٰذا وزارت داخلہ میں محرم کنٹرول روم کے قیام کا نوٹیفیکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے تاکہ ممکنہ مسائل کو خوشگوار طریقے سے حل کیا جاسکے،عزاداران امام حسین ؑ امن و سکون کے ساتھ عبادات عزا بجا لا ئیں اور دشمنان دین و وطن ہرسازش شرارت کو ناکام بنا جا سکے ۔اُنہوںنے کہا کہ محبت حسین ؑ عشق رسولؐ کی بین دلیل ہے اور سنت مصطفوی ؐکا تقاضہ ہے، نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کے ایام عزا کے اولین عشرہ میں اتحاد ویکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کرکے شیعہ سنی برادران سمیت تمام مکاتب نے ثابت کردیا ہے کہ حسین ؑ رب کا حسین ؑسب کا ہے ۔انہوں نے وفاقی وزارت داخلہ اور انتظامیہ کو فول پروف انتظامات پر خراج تحسین کیا ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عزاداران امام حسین ؑ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ عزاداری پر کاربند رہیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ حسینیت ایک درس ہدایت ہے جس پر کسی مسلک یا مکتب کا اجارہ نہیں بلکہ گذشتہ 14سو سال سے ہر مذہب ملک نے رسول اسلام کے نواسے امام حسین ؑ کی قربانی سے فیض حاصل کیا ہے ۔سید شجاعت بخاری نے تمام مکاتب فکر ، میلاد کمیٹیوں ، تاجر برادری ، سماجی و رضا کارتنظیمیوں بشمول مختار فورس ، ابراہیم اسکائو ٹس (اوپن گروپ) کو عشرہ محرم کے دوران مجالس اور جلوسوں میں سیکورٹی اور میڈیکل خدمات سر انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔