علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فائنل امتحانات8اکتوبر سے شروع ہوں گے
اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار 2018ء کے میٹرک ٗ ایف اے/ایف ایس سی/ڈپلومہ ان ایجوکیشن/اوپن ٹیک ٗ اے ٹی ٹی سی ٗ پی ٹی سی ٗ سی ٹی اور بی ایڈ )اولڈ(پروگرامز کے فائنل امتحانات8اکتوبر سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے۔طلبہ و طالبات کو رول نمبر سلپ ارسال کئے جارے ہیں۔ طلبہ و طالبات رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لویڈ کرسکتے ہیں۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر طلبہ و طالبات کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر 850 امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔ وائس چانسلر کی واضح احکامات پرامتحانات کے نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی مراکز میں سخت نگرانی کا نظام بھی نافذ کردیا گیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔وائس چانسلر کی ہدایت پر امتحانی مراکز میں طلبہ کو ہر قسم کی ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔