رواں سیزن کپاس کی پیداوار میں ہدف سے 22 فیصد کمی کا امکان
اسلام آباد (نا مہ نگار)ماحولیاتی تبدیلیوں، موسمیاتی طریقہ کار میں تبدیلی اور پانی کی شدید کمی کے باعث رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار میں ہدف سے 22 فیصد کمی کا امکان ہے۔ رواں سیزن میں 10.847 ملین بیلز کاٹن کی پیداوار کا حصول متوقع ہے جبکہ پیداواری ہدف 14.37 ملین بیلز رکھا گیا تھا۔ پیداوار میں کمی کی بنیادی وجہ سندھ میں ہدف سے 15 فیصد کم رقبے پر کپاس کی کاشت بتائی جاتی ہے۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پانی کی کمی، کم بارشوں اور سندھ میں پیداواری رقبے میں کمی کی وجہ سے رواں سال کپاس کا پیداواری ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔ پنجاب میں 8.077 ملین، سندھ میں 2.600 ملین اور بلوچستان میں 0.150 ملین بیلز کی پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی یہ ابتدائی تخمینہ ہے اور حتمی تخمینہ بعد میں معلوم ہو سکے گا۔ اس عرصے کے دوران کپاس کی فصل کو منی بگز اور پنک بال ورم کے حملے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال یہ شرح 27 فیصد تھی، رواں سال یہ شرح 23 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے سندھ میں کپاس کی پیداوار میں 5 سے 10 فیصد کمی کا امکان ہے تاہم اس عرصے میں کپاس کی مقامی پیداوار کی قیمتیں مستحکم رہیں گی۔