حضرت امام حسین ؑکی لازوال قربانی نے پرچم اسلام سر بلند کردیا ،خانم قمر زہرا
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) انجمن دختران اسلام، ام البنین ڈبلیو۔ایف کے زیراہتمام جامعہ المرتضی مجلس سوئم شہدائے کربلامنعقدہوئی جس میں خواتین نے کثیرتعدادمیں شرکت کی ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے خطیبہ خانم قمر زہرا (فاضلہ قم )نے کہا کہ امام عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑنے اللہ کے نام اور دین اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی اور اپنے پیاروں کی لازوال قربانیاں پیش کر کے تا ابد پرچم اسلام کو سربلند کردیا۔انہوں نے کہا کہ حسینیت کا دم بھرنے والے حق کی راہ میں کسی صعوبت ،پابندی اور رکاوٹ کو ہر گز خاطر میں نہیں لاتے کیونکہ امام عالی مقام ؑ نے جبر ناروا سے مفاہمت نہ کرنے اور الہی اصولوں کی پیروی کرنے کیلئے ہر قسم کی تکالیف کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا وہ عزم اور حوصلہ دنیا کو سکھایا جس پر آج بھی ظلم حیران و پریشان ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کربلا حق و باطل کے درمیان وہ عظیم معرکہ تھا جس میں حق کے پاسدار و پاسبان حسین ؑ ابن علی ؑ نے اپنے اہل و عیال اور باوفا اصحاب و انصار کے ہمراہ جام شہادت نوش کرکے اسلام کو حیاتِ ابدی عطا کردی۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ ؑ کے چاند نے اسلام کو اپنے خون سے سیراب کیا اور قیامت تک کیلئے باضمیر انسانوں کو عزت و شرافت،کرامت اور صبر واستقامت کا وہ درس دیا جس سے استفاد ہ کرکے ہم آج بھی بڑے سے بڑے ظالم و جابر کا سر خم کرسکتے ہیں۔پروفیسر پروین زیدی نے کہا کہ خدا کے بندوں کی ہدایت اور صراط ِمستقیم پر گامزن رہنے کیلئے نواسہ رسول ؐ نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے اپنے لہو سے وہ آئین رقم کردیا جس پر عمل پیرا ہوکر ہر انسان اپنی منزل مراد پاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا جبر کے مقابلے میں صبر کا استعارہ ہے جس کی پیروی کرکے ہر فاسق و فاجر کو اس کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جاسکتا ہے۔مجلس میں عابدہ شہر بانو نقوی، بشری حسن ترمذی اور طاہرہ بلقیس بخاری نے مرثیہ خوانی کی ۔ بعدازاںماتم داری کی گئی۔مجلس عزا میں منظور کردہ قرار داد کے ذریعے آپریشن ردالفساد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔