سی ڈی اے کا سیکٹر ای بارہ میں بلٹ اپ پراپرٹی کا ازسرنو سروے شروع کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی ا ے ) انتظامیہ نے 25سال سے زیر التواء سیکٹر ای بارہ میں بلٹ اپ پراپرٹی کے ازسرنو سروے کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سروے کے بعد بلٹ اپ کیسز کا جائزہ لے کر سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کے لیے عملی طورپر کام شروع کیاجائے گا ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی انتظامیہ نے گزشتہ دو دہائیوں سے التواء کا شکار چلے آنے والے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور اس ضمن میںسی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ نے سیکٹر ای بارہ میں قائم تعمیرات کا از سرنو جائزہ لینے اور ایک نئی جامع رپورٹ مرتب کرنے کے لیے عملی طورپر کام شروع کردیا ہے اسٹیٹ مینجمنٹ کی ہدایت پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے ای بارہ میں تعمیرات کے سروے شروع کردئیے ہیں واضح رہے سی ڈی اے نے سیکٹر ای بارہ کا 1985میں اعلان کیا تھا الاٹیزکی جانب سے تمام رقوم جع کروائے جانے کے باوجود 23سال گزرنے کے باوجود تاحال ہونے کوئی قبضہ نہیں مل سکا ہے اور نہ ہی اتھارٹی کی جانب سے التواء کا شکار سیکٹرز کو کھولنے کے حوالے سے کوئی کوشش کی گئی تاہم موجودہ حکومت کے آنے کے بعد سی ڈی اے میں تبدیل ہونے والی بیورو کریسی نے التواء کے شکار سیکٹرز پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور سب سے پہلے مرحلے میں سیکٹر ای بارہ ، پھر سیکٹر سی پندرہ ، سی سولہ ، سیکٹر آئی پندرہ اور سیکٹر آئی بارہ میں ترقیاتی کام شروع کروانے پر غور کیا گیا ہے جہاں جلد ہی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔