سعودی عرب نے اتحاد عالم اسلام کے لئے قائدانہ اور کلیدی کردار ادا کیا ، پیرنقیب الرحمن
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) ممتاز روحانی پیشوا سجادہ نشین عید گاہ شریف فقیر محمد نقیب الرحمن اور صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام اسلامی اخوت کے عظیم رشتے میں منسلک ہیں اور ان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ حر مین شریفین امت ِ مسلمہ کے دینی اور روحانی مراکز ہیں جن کے تقدس کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لئے اسلامیانِ پاکستان ہر وقت ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ سعودی حکومت اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عازمین حج و عمرہ کو بے پناہ سہولتوں کی فراہمی اور حرمین شریفین کی توسیع اور تزئین و آرائش اور دنیا بھر سے عازمین حج و عمرہ کے لئے وسیع پیمانے پر جو سہولتیں فراہم کی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ایک مشترکہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اتحاد عالم اسلام کے لئے قائدانہ اور کلیدی کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی قدرتی آفات زلزلے اور سیلاب سمیت ہر آزمائش اور ابتلا میں ہمیشہ فراخدلانہ امداد کی ہے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی ولولہ انگیز قیادت و سیادت میں سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی ، عازمین حج و عمرہ کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ، عالم اسلام کے اتحاد و استحکام اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے فروغ کا سفر جاری و ساری رکھے گی ۔سعودی عرب کی حکومت پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے ہمیشہ خلوص اور محبت کا اظہار کیاہے اور ایسا سلوک روا رکھا ہے جو ایک بھائی اپنے دوسرے بھائی کے ساتھ رکھتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اخوت، بھائی چارے کا جذبہ ہمیشہ کے لئے قائم رہے گا۔ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں کیونکہ فرمانروا حرمین شریفین کے خدمت گار ہونے کے علاوہ امتِ مسلمہ کے امام ہونے کا درجہ رکھتے ہیں۔ پاکستانی انہیں نہایت ہی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس عظیم دن کے موقع پر سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز، شاہی خاندان کے افراد اور سعودی عوام دلی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکی قیادت میں اور اسلام آباد میں متعین سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی موجودگی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور مخلصانہ تعلقات میں دن بدن اضافہ ہو گا اور عازمین حج و عمرہ کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ہم خلوص دل کے ساتھ ان کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں ۔