حکومت کی بے تدبیری سے 30 دنوں میں 30 لطائف بن چکے ہیں‘ بیرسٹر دانیال
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے این اے 62 سے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو ’’پہلے تولو پھر بولو‘‘ کی پالیسی اپنانی چاہیے افراتفری میں بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے ۔ پچھلے 30 دنوں میں حکومت کے 30 لطائف بن چکے ہیں جتنی جلدی موجودہ حکومت عوام میں غیر مقبول ہوئی ہے شاید ہی کوئی حکومت ہوئی ہو۔ بلندبانگ ِ دعوے کرنے والی حکومت کو کچھ سجائی نہیں دے رہا‘ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو حکومتی اور سفارتی سطح پر ناکامیوں کا سامنا ہے بعض اوقات ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حکمران سفارتی آ داب سے ہی نابلد ہیں انہیں وزارت خارجہ میں تربیت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو سفارتی محاذ پر کامیابی جھنڈے گاڑھنے کے شوق میں جگ ہنسائی کے مواقع فراہم نہیں کرنے چاہیں بھینسوں اور گاڑیوں کی نیلامی سے نکل کر ملکی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔