ٹیکس کے نظام میں بہتری کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت قانون سازی کی ضرورت ہے
اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت قانون سازی کی ضرورت ہے۔بریگیڈئیر (ر)محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا انتظام ایک ہی ادارے کے سپرد ہوتا ہے مگر پاکستان میںاس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد خدمات پر ٹیکس کی وصولی صوبوں کی جبکہ اشیاء پر ٹیکس کی وصولی مرکز کی ذمہ داری ہے تاہم ٹیکس حکام اور کاروباری برادری کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی ٹیکس محکموں نے اشیاء اور خدمات کی اپنی فہرستیں بنائی ہوئی ہیںاور انکی تشریح بھی مختلف ہے جس کی وجہ سے مقدمے بازی ہوتی ہے اور حکومت کو محاصل کی مد میں نقصان ہوتا ہے۔ کئی صوبے ضروری قوانین، انسانی وسائل ، ساز و سامان اور صلاحیت کی کمی کا شکار ہیں جس سے انکی ٹیکس کی وصولی کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ منصفانہ اور جائز ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اس لئے موجودہ حکومت اس سلسلہ میں فوری اقدامات کے تحت قانون سازی کرے۔