ہر سال دنیا بھر میں 30 لاکھ افراد الکحل کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ہر سال دنیا بھر میں 30 لاکھ افراد الکحل کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں،شراب نوشی کے عادی افراد کے اہل خانہ نفسیاتی، معاشی اور معاشرتی الجھنوں کا شکار ہوجاتے ہیں، دنیا بھر میں ہونے والی 5 فیصد بیماریوں کا سبب بھی الکحل ہی بنتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) نے دنیا بھر میں خراب صحت کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ یہ اعداد وشمار 2016 میں کیے جانے والے سروے پر مشتمل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہر 20 میں سے 1 شخص کی ہلاکت شراب نوشی کے باعث ہوتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں 3 ملین افراد الکحل کے کثرت سے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جن میں اکثریت مردوں کی ہوتی ہے جب کہ دنیا بھر میں ہونے والی 5 فیصد بیماریوں کا سبب بھی الکحل ہی بنتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ الکحل کے عادی افراد تو اپنی جان سے جاتے ہی ہیں لیکن ان کے اہل خانہ کو بھی انتہائی تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ الکحل کے عادی افراد اہل خانہ پر تشدد کرتے ہیں، گھر میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں اور یہاں تک کہ گھر میں چوریاں بھی کرتے ہیں جس سے اہل خانہ جسمانی، نفسیاتی، معاشی اور معاشرتی الجھنوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک حادثات کے 28 فیصد واقعات شراب نوشی کے باعث ہی رونما ہوتے ہیں اسی طرح 21 فیصد نظام انہضام کی خرابی اور 21 فیصد دل کے امراض کی جڑ شراب نوشی ہی ہے، جب کہ پھیپڑوں اور معدے کے کینسر، انفیکشن اور ذہنی امراض اس کے علاوہ ہیں۔