کامیاب دورہ بنگلہ دیش کے بعدپاکستان ڈیف ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) تین ملکی ٹی ٹونٹی ڈیف سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ڈیف ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ لاہور ائر پورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ بعد ازاں قومی ڈیف ٹیم کو پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ اکورٹر لایا گیاس جہاں سابق چیئرمین ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن رانا حبیب الرحمان، صدر سلمان ظہیر، سنیئر نائب صدر اشتیاق احمد، جنرل سیکرٹری عطالرحمان، کپتان قمو نوید اور ہیڈ کوچ عمر فیاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ بے روزگار کھلاڑیوں کو نوکریاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں انعامات سے بھی نوازا جائے۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین رانا حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈیف ٹیم کے کھلاڑی پڑھے لکھے ہیں انہیں نوکری کے ساتھ ڈھاکہ میں تین ملکی سیریز جیتنے پر انعامات سے نوازا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیف کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ماہانہ دس ہزار روپے ڈیئے جاتے ہیں جنہیں کم از کم 25 ہزار کیا جائے کیونکہ ڈیف ٹیم کے کھلاڑی پڑھے لکھے ہونے کے ساتھ ساتھ بے روزگار بھی ہیں۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ڈھاکہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف بنگلہ دیش کو بلکہ بھارتی ٹیم کو بھی دو مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔