جلتا کشمیر پورے بھارت کو جلا دے گا
چند دن پہلے ایک ویڈیو آنکھوں کے سامنے سے گزری جس میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کرنے کے بعد اُس کے جسم کو بھارتی قابض فوج کے درندہ صفت لوگ گاڑی کے پیچھے باندھ کے سڑکوں پہ گھسیٹ رہے تھے ۔یہ ایک ویڈیو بہت سی کہانیاں بیا ن کردینے کے لیے کافی تھی ۔ایسی ویڈیو تب ہی بنائی جاتی ہے جب قابض فوجیں اسلحے کے زور پہ مقوضہ علاقوں پہ اپنا تسلط کمزور سمجھنے لگیں۔یہ حقیقت ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارت ہر طرح کے جبر کے باوجود ,ہر طرح کے اسلحے بارود سے لیس ہونے کے باوجود,ہر طرح کی سیاسی چالبازیوں کے باوجود نہ کبھی کشمیری قوم کے نوجوانوں کو ڈرا سکا نہ جھکا سکا ہے اور نہ ہی اُ سکی کا میابی کے دور دور تک کہیں کوئی آثار نظر آرہے ہیں ۔بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ۔لیکن یہ کیسی بوکھلاہٹ ہے ۔کہ بھارتی درندے ایک طرف کشمیر میں خواتین کی عزتیں لوٹ رہے ہیں ۔بوڑھوں کو شہید کیا جارہا ہے ۔نوجوانوں کو بدترین تشدد کے بعد شہید کیا جارہا ہے ۔لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آتا ہے ۔ہر روز کسی گھر سے کوئی نیا مجاہد سر پہ کفن لپیٹے نعرہ تکبیر بلند کرتے کسی بھارتی فوجی کے سر پہ موت بنے کھڑا ہوجاتا ہے ۔بھارتی فوج کے لاشیں واپس جاتی ہیں ۔فوجیوں کے گھر والے اپنے بچو ںکو روتے بین کرتے نظر آتے ہیں ۔لیکن نہ تو بھارتی حکومت اور نہ ہی بھارتی میڈیا کی تسلی ہوتی ہے ۔بھارت سرکار چاہتی ہے کہ بھارتیہ عوام کے دلوں میں پاکستان سے نفرت کی آگ جلائے رکھے ۔بھارتی حکومتیں عوام کو پاکستان سے محبت کا درس دینا ہی بھول چکی ہیں ۔پچھلے دنوں ایک بھارتی ٹی وی چینل جب ایک فوجی کی میت پر اس کی ماتا سے بات کررہا تھا تو غم سے نڈھال وہ بوڑھی عورت یوں کہتی ہے کہ مودی کیوں ہمارے بچو ںکو بارڈر پہ پاکستانی فوج کے مقابل بیجھتا ہے ۔کیا اسے پتہ نہیں کہ پاکستانی فوج کا سامنا کرنا موت کا سامنا کرناہے ۔پاکستانی فوج کے جوان بہت ہمت والے ہیں ۔مودی حکومت کو چاہیے کہ پاکستان سے لڑائی کی بجائے صلح کی بات کرے ۔اور ہمارے بچوں کی زندگیاں بچالے ۔یہ ایک کہانی تھی ۔اب دو دن پہلے ایک اور بھارتی فوجی کشمیر میں کسی مقابلے میں جہنم واصل ہوا ہے ۔اب بھارت سرکار نے نئی چال چلی ہے ۔اب بھارتی میڈیا کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف مسلسل محاذ کھولنا ہے ۔پاکستانی فوج کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہے ۔اب کی بار بھارتی سرکار نے اپنے مرے ہوئے فوجی کا چہرہ مسخ کیا اس کی آنکھیں نکال دیں اور الزام لگا رہاہے کہ یہ سب پاکستانی فوج کر رہی ہے ۔بھارت ایک طرف پاکستانی فوج سے خائف نظر آتا ہے دوسری طرف اپنے لوگوں میں پاکستان اور پاکستانی فوج کے خلاف ذہر بھر رہا ہے ۔کشمیری نوجوانوں سے مقابلے میں مارے جانے والے فوجی کی لاش کو بہت بڑے پیمانے پر کوریج دلوائی جارہی ہے ۔ ایسا لگ رہا ہے کہ بھارتی سرکار کشمیری نوجوان کو گاڑی کے پیچھے گھسیٹے جانے کے مکروہ فعل کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہو۔لیکن آج کے دن بھارت مقبوضہ کشمیر میں مکمل فیل ہوچکا ہے ۔اب تو سکھ قوم بھی دوبارہ اپنے الگ وطن کے لیے ریفرنڈم کروانے کی کوششیں کررہی ہے ۔لگتا ہے کہ کشمیر سے بھارتی فوج کا انخلا اور خالصتان کا قیام ایک ساتھ ہی ہوں گے ۔پوری دنیا کی سکھ قوم سن دو ہزار بیس میں بھارت سے علیحدگی کے لیے ایک ریفرنڈم کروانے کی بات کر رہی ہیں ۔اصل میں کشمیر میں بھاری سورماوں کی نکلنے والی چیخوں نے باقی بھارت کے مظلوموں کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے کہ اگر کوشش کی جائے تو بھارت سے الگ ہوا جاسکتا ہے ۔جلتے کشمیر کی آگ ایک دن پورے بھارت کو اپنی لیپٹ میں لے لے گی ۔
بھارت میں کئی دہائیوں سے بہت سی ریاستوں میں پر تشدد علیحدگی کی تحریکیں بڑے زور و شور سے چل رہی ہیں ۔لیکن بھارتی حکومت کو ابھی تک یہ کامیابی مل رہی ہے کہ ان مظلوموں کی داد رسی کسی عالمی فورم پر نہیں ہو رہی ہے ۔ اب کشمیر سے نکلنے والا دھواں باقی بھارت میں بھی پھیلنے لگا ہے ۔یہ سچ ہے کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے ۔بھارتی اپنی چالبازیوں سے کام لینے میں ماہر تصور کیے جاتے ہیں ۔بھارتی لوگ جہاں کہیں بھی موجود ہیں وہ اپنے وطن کی بھلائی کے لیے کام کرتے رہتے ہیں ۔یوں بھارت نے عالمی فورمز پر اپنی مکمل اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے ۔اصل میں بھارت ایک بڑی تجارتی منڈی بھی ہے ۔آج کی دنیا معشیت کی جنگ لڑ رہی ہے ۔جس ملک کی معیشت کمزور ہے وہ در بدر ٹھوکریں کھارہا ہے ۔کشکول ہاتھوں میں لیے ہر در پہ دستک دینے پہ مجبور ہے ۔ہم دیکھ سکتے ہیں کہ جو ملک عالمی اقتصادی شکنجوں میں جکڑے جاتے ہیں وہاں اقتصادی ماہرین کے زریعے سب سے پہلا کام ضروریات زندگی کو مہنگا کروانا اور دوسرا نصاب تعلیم کو اپنی مرضی کا بنوانا ہوتا ہے ۔بھارت دنیا کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے ۔بھارت میں دنیا کا ہر مال ہاتھوں ہاتھ بک جاتا ہے ۔وہاں کاروبار کے وسیع مواقع بھی موجود رہتے ہیں ۔وہاں غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بہت سی تنظمیں کام کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں ۔اس لیے دنیا کی نکڑ سے بھارت نواز ہوا کا مسلسل چلنا کوئی انوکھی بات نہیں ہے ۔ یہ سچ ہے کہ ہم بھارت کا سیاست میں مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں ۔مگرجب تک جبر ہے تب تک ہمیں بھارت سے ہر طرح کی تجارت بند کردینی چاہیے ۔بھارت ہمارے ساتھ کرکٹ میچ نہیں کھیلتا تو ہم کس خوشی میں ا ن کی فلمیں اپنے سینماوں میں دکھا رہے ہیں ۔نئے پاکستا ن والو اب جب کہ بھارتیوں نے ہر کوشش کے بعد بھی آپ سے مذاکرات کے دروازے بند کردئیے ہیں تو آپ پہ فرـ ض ہے کہ آپ لوگ اپنے دل کی کھڑکیاں کھول کے دیکھو کیا اچھا ہے کیا برا ہوا ہے ۔بھارت سے محبت کی پینگیں بڑھانے کے چکر میں نواز شریف نے کیا کما لیا جو اب آپ کما لو گے ۔اقوام متحدہ سے لے کر دنیا کے ہر فورم پر بھارتی فوج کے مظالم دکھانے شروع کرئیے جناب ۔بھارت سے کاروبار بند کیجیے ۔یا ٹرمپ کی طرح ہمت کرتے ہوئے بھارتی اشیا پر صرف ٹیرف ہی بڑھا دیجیے ۔ بھارتی میڈیا صبح سے رات گئے تک پاکستا ن اور پاک فوج کے خلاف پروگرام نشر کرتا رہتا ہے جبکہ ہمارا میڈیا صبح سے لے کر رات گئے تک سیاسی منظر نامے پر لائیو کوریج کرنے میں مصروف رہتا ہے اورہمارے کچھ نام نہاد دانشور بھارتیوں کی محبت میں مرے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔آج کشمیر جل رہا ہے تو کل مستقبل قریب یہ آگ پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لینے ہی والی ہے ۔اگر کشمیر میں لگی آگ کو ٹھنڈا نہ کیا گیا تو پورا بھارت اس آگ میں جل جائے گا ۔