کراچی نے عام انتخابات میں تبدیلی کو ووٹ دیا ہے‘ عالمگیر خان
کراچی (نیوزرپورٹر)قومی اسمبلی کی نشست این اے 243 پر تحریک انصاف کے امیدوار عالمگیر خان نے کہا ہے کہ کراچی نے عام انتخابات میں تبدیلی کو ووٹ دیا ہے انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 243 میں الیکشن آفس کا افتتاح کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے مزید کہاکہ وہ ضمنی انتخابات میں لوگوں کی دلچسپی قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 30 دن کے اندر کراچی میں کام ہوتا ہوا نظر آئے گا اور عمران خان اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاج کو سراہا ہے میں مانتا ہوں کہ وزیر اعظم اور صدر کو سیکورٹی خدشات ہیں۔انہوں نے کراچی میں ضمنی انتخابات پر تحریک انصاف کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں کی بھی تردید کی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سے کراچی والے مطمئن ہیں‘ پانی اور کچرا سمیت ہر ایشو پر عمران خان نے ڈیڈ لائن دی ہے‘ 30 دن میں کام نظر آنا شروع ہوگیاہے۔ضمنی انتخاب میں عمران خان کی لیڈ کو برقرار رکھیں گے اگر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوتی تو ایم کیو ایم مضبوط امیدوار لے کر آتی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پیکج‘ ماسٹر پلان‘ انفرا اسٹرکچر‘ کچرا کے حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے‘ لوگوں کا رسپانس بہت اچھا ہے‘ بلدیاتی حکومت کے اختیارات کم ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں۔