مسعود جنجوعہ کو رہا کر دیا جائے‘ ذمہ داروں کو معاف کر دونگی‘ آمنہ مسعود
اسلام آباد (نامہ نگار) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس (ڈی ایچ آر) کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کو رہا کرنے کی صورت میںذمہ داروں کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ”نوائے وقت“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 11جنوری 2006 ءکو انکے سسر کی ملاقات پرویز مشرف سے ہوئی جس میں مشرف نے انہیں مسعود جنجوعہ کی بازیابی کیلئے مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی، 31 مئی 2006 ءکو پرویز مشرف کے ملٹری سیکرٹری جنرل شفقات کی کال آئی اور انہوں نے بتایا کہ صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مسعود جنجوعہ زندہ ہیں، ان سے میرے سسر نے مسعود جنجوعہ کے بارے میں مزید دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں مزید کچھ نہیں بتا سکتے، آمنہ مسعود نے کہا کہ مسعود جنجوعہ کیس بارے مذکورہ دیگر افراد بھی جانتے ہیں لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ جھوٹ بولا، اگر مسعود جنجوعہ 2006 ءمیں زندہ تھے تو اب انکے جاں بحق ہونے کی داستان کیوں تراشی گئی، دنیا کی کوئی طاقت مجھے یقین نہیں دلا سکتی کہ مسعود زندہ نہیں ہیں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ وہ زندہ ہیں اور ضرور بازیاب ہوں گے۔