وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم مضبوط ہے، فتح پاکستان ہی کی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ٹی 20 ورلڈکپ میں دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے کہاکہ میچ پر جانے کی تیاری کر رہا ہوں، آج پاکستان کے جو بھی 11 لڑکے میدان میں اتریں گے ان کے پاس پاکستان کا نیا سپر اسٹار بننے کا موقع ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہاکہ پاکستان کا ہر شہری اس میچ کو لے کر پرجوش ہے اور انشا اللہ جیت جنون اور جذبے کی ہو گی، پاکستان کی ہو گی۔
میچ پر جانے کی تیاری کر رہا ہوں،آج پاکستان کے جو بھی گیارہ لڑکے میدان میں اتریں گے ان کے پاس پاکستان کا نیا سپر سٹار بننے کا موقع ہے ، پاکستان کا ہر شہری اس میچ کو لے کر پرجوش ہے اور انشاللہ٘ جیت جنون اور جذبے کی ہو گی پاکستان کی ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 24, 2021
واضح رہےکہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج ہو نے والا ہے۔ شائقین کرکٹ کی دل کی دھڑکنیں تیز، جوش وجذبہ اور ولولہ عروج پر ہے۔آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں چوکوں اورچھکوں کی بھرمار ہوگی، شائقین کرکٹ ایک اوراعصاب شکن مقابلہ دیکھنےکو بےقرار ہے۔
پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہوگا۔ہائی وولٹیج مقابلے کیلئے 12رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیاگیا ہے، بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے۔
محمد رضوان، فخرزمان، حیدر علی، شعیب ملک ، عماد وسیم ، محمد حفیظ ، آصف علی، شاداب خان اورحسن علی ٹیم میں شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
آج کے میچ کے حوالے سے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہےکہ بھارت کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کوتگڑا حریف قراردیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھائےگی۔سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہاکہ نیوزی لینڈ کوبھاگنے نہیں دینگے، بھارت کو نہیں چھوڑینگے۔دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان ساروگنگولی نے کہاکہ ضروری نہیں کہ ہرباربھارت جیتے۔صرف یہی نہیں بلکہ سیاستدان بھی روایتی حریف سے شاہینوں کی فتح کےلئے پراُمید ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھی گرین شرٹس کی کامیابی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ قومی ٹیم میں ٹیلنٹ ہے ، بھارت کےخلاف کامیاب ہوگی۔