گوجرانوالہ:آلودگی پھیلانے والی 2فیکٹریاں سیل،3 مالکان کیخلاف مقدمات
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات عمر اشر ف اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران حسین نے آلودگی کی روک تھام کے سلسلہ میں شہر کے مختلف علاقوں کھیالی شاہ پور انڈسٹریل ایریااور دیگر علاقوں میں واقع 3فیکٹریوں کو چیک کیا،کاروائیوں کے دوران انہوں نے خلاف ورزی کرنے والی1فیکٹری کو موقع پر سیل کیا جبکہ 2فیکٹری مالکان کو تنبیہ جاری کی۔اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیاں کیں،کاروائیوں کے دوران خلاف ورزی پائے جانے پر 1فیکٹری کو سیل اور 3فیکٹری مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کا اندراج کروایا۔انہوں نے بتایا کہ سیل کی گئی فیکٹریوں میں غیر قانونی طور پر ایندھن، ربڑ، پلاسٹک اور دیگر دھاتوں کو جلایا جا رہا تھا جو کہ فضائی آلودگی کا باعث بن رہے تھے ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ دانش افضال نے کہا کہ آلودگی کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کاروائیوں کا عمل جاری رکھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔