حلقہ این اے 133میں کامیابی حاصل کرینگے : اعجاز چوہدری
لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمدچوہدری کی زیرصدارت این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے سنٹرل پنجاب کا تنظیمی اجلاس جیل روڈ پارٹی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی گئی۔ تنظیمی اجلاس سے سینیٹر اعجازاحمدچوہدری، جمشید اقبال چیمہ اور علی امتیازوڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ پوری منصوبہ بندی کے تحت حلقے میں انتخابی مہم چلائیں گے، کارکنان کو نچلی سطح تک متحرک کردیا گیا ہے۔ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، رہنماؤں نے کہاکہ کرپٹ اور بددیانت اپوزیشن جماعتیں اپنی چوری کوبچانے کے لئے صرف اپنی سیاسی دکانداری چمکانے میں لگی ہوئی ہیں اور دربدر کی ٹھوکریں اپوزیشن کا مقدر بن چکی ہیں۔ اپوزیشن کو ملک وقوم کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، تحریک انصاف کے کارکنان گھر گھر پارٹی کا پیغام پہنچائیں، ملک کو موجودہ بحرانوں سے وزیراعظم عمران خان ہی نکالیں گے۔ عوام کے مسائل کا حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنا پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تنظیمی اجلاس میں عامر گجر، غلام محی الدین دیوان، میاں اکرم عثمان، کنور عمران سعید، رانا ساجد علی خان، شاہنواز چیمہ سمیت ڈسٹرکٹ، سٹی، ٹاؤن اور تحصیل ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔