ن لیگ کا مہنگائی کیخلاف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان
ملتان (سپیشل رپورٹر)مسلم لیگ (ن) ملتان اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں آج ملتان سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرول، اشیائے ضروریہ ، گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گی ملتان کے مرکزی چوک حسین آگاہی میں دوپہر 2بجے حکومت کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کا بھرپور احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس میں سابق لیگی اراکین اسمبلی ، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماوکارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے جبکہ لیگی خواتین ، لائرز ونگ، یوتھ کارکنان بھی شریک ہوں گے حکومت نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) ملتان ڈویژن کے جنرل سیکریٹری شیخ طارق رشید،ملک آصف رفیق رجوانہ، عثمان خان بابر، اور پی ڈی ایم ملتان کے رہنما مولانا ایاز الحق قاسمی، شیخ اطہر ممتاز، رانا شاہد الحسن، ملک انور علی، شاہد مختار لودھی،منیر لنگاہ،عابد باکسر، زاہد مقصود قریشی، عمر فاروق بھٹی،اسلم ہمایوں ، حاجی ارشد بوٹا، سعد کانجو ، رائو ابرار علی، ناصر کمبوہ، آصف قریشی ودیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ شیخ طارق رشید نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کا آج نااہل حکومت کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا جس نے بائیس کروڑ غریب قوم کو بھوک و افلاس میں مبتلا کر دیا ہے جو اپنے بچوں سمیت خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں ریاست مدینہ کے دعویداروں نے ملک کو بدامنی، مہنگائی ، بے روزگاری کی طرف دھکیل دیا ہے۔۔پی ڈی ایم ملتان کے رہنما مولانا ایاز الحق قاسمی نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک میں بد امنی کی فضا پھیلا رہے ہیں۔ (ن) لیگ کی قیادت میاں نواز شریف ، پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قائدین کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر شیخ طارق رشید اور پی ڈی ایم میں شامل رہنمائوں نے کچہری چوک پر لیگی خواتین کارکنان کے احتجاجی کیمپ کا اکھاڑنے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔