اداروں کیخلاف شکایات کا فیصلہ60 روز میں کیا جاتا ہے ‘ سہولیاتی کمشنر وفاقی محتسب
ملتان (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی محتسب کے سہولیاتی کمشنر برائے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں کے خلاف وفاقی محتسب کے پاس شکایت درج ہونے کے 60 دن کے اندر اس کا فیصلہ کر دیا جاتا ہے اس کے لئے کسی وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی فیس کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں پی آئی اے، اے ایس ایف، اے این ایف، کسٹمز او پی ایف آئی اور وزارت صحت، نادرا میگریشن اینڈ پاسپورٹ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ 2020 میں ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1لاکھ 30 ہزار فیصلے کئے گئے کروناکے باوجود اس سال بھی 85 ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کیے جا چکے ہیں گزشتہ چار برسوں میں 3لاکھ 86ہزار سے زائد شکایات کنندگان کو ریلیف مہیا کیا گیا ہے ڈپٹی منیجر ایئرپورٹ ملتان نے سہولیاتی ڈیسک کے بارے میں بریفنگ دی۔