ایم کیو ایم کا حکومتی پالیسیوں پر عدم اعتماد جلد لائحہ عمل طے کرینگے : ڈاکٹر خالد مقبول
کراچی (نیوزرپورٹر) حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے حکومتی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومت کی سنجیدگی نظر نہیں آئی، ہماری جماعت پریشان ہے، کچھ روز میں اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے معاملے پر بھی پریشان ہوں، پیج ایک ہے یا نہیں مگر ہم آہنگی میں تو ضرور فرق آیا ہوگا۔ اسی پروگرام کے ایک اور مہمان مسلم لیگ (ق)کے سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی سے وہ بھی مطمئن نہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ڈالر کی قیمت بڑھاتے چلے جائیں، مگر ق لیگ جس سے اتحاد کرتی ہے اسے راستے میں نہیں چھوڑتی، آئی ایس آئی والے معاملے پر بلاوجہ چپقلش پیدا کی گئی۔