کراچی، گلشن معمار میں 3سالہ بچے کے سامنے والد کا قتل
کراچی (نیوزرپورٹر) کراچی کے علاقے گلشن معمار احسن آباد میں دودھ خریدنے کیلئے جانیوالے شخص کو 3 سالہ بیٹے کے سامنے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیدیا، لواحقین کہتے ہیں ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گلشن معمار احسن آباد میں سلمان نامی شخص کو اس وقت قتل کردیا گیا جب وہ معصوم بچے کو گود میں اٹھائے دکان سے دودھ خرید رہا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، ایک ملزم کا چہرہ واضح ہے جبکہ فائرنگ کرنیوالے ملزم نے ماسک پہنا ہوا ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دیا تاہم مقتول سلمان کے والد کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔ عینی شاہدین اور دکاندار کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ڈیڑھ سال پہلے صوابی سے کراچی آیا تھا اور نجی کمپنی میں کام کرتا تھا، سلمان 2 بچوں کا باپ اور 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔