مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں:راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورپیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں،حکومت اور وزیراعظم عوام کی چیخیں نہیں سن رہے، حکومت ملک کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے،کنٹینر پرعوام کو سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو بے حال کر دیا ہے،وزرا اور مشیر گالم گلوچ کا کلچر لے آئے ہیں ،انہوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے،ان کے جھوٹے د عوے ان کے گلے پڑ رہے ہیں ،لاہور کے ضمنی انتخاب میں اسلم گل پیپلز پارٹی کے امیدوار ہونگے جبکہ ائندہ پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی۔سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ ،سنیٹر پلوشہ خان،شہزاد چیمہ اور نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ لاہور کے حلقہ 133 میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں، پی پی پی کے اسلم گل امیدوار ہوں گے پاکستان پیپلزپارٹی اس الیکشن میں میدان مارے گے۔انہوں نے کہا کہ آج مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی ہے، جمہوریت کے لیے اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ جہدوجہد کی،ہم بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔