قابض فوج کی بر بریت جاری ، خاتون سمیت 8 کشمیری گرفتار
سری نگر (کے پی آئی‘ اے پی پی‘ این این آئی) بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے ایک خاتون سمیت 8 کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سرینگر، پلوامہ، شوپیاں، بارہمولہ، کولگام اور اننت ناگ میں چھاپے مارے گئے۔ پلوامہ کے قاضی گنڈ کاکہ پورہ علاقے میں فیروز احمد وانی کے گھر پر چھاپہ مار گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فیروز احمد وانی گزشتہ 15 دنوں سے پولیس حراست میں ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ غیر معمولی سکیورٹی حصار میں ہفتے کو سری نگر پہنچ گئے۔ امیت شاہ مقبوضہ کشمیر میں تین روزہ قیام کے دوران کشمیر کی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی فورسز کی 25 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ بھارتی حکام کو خطرہ ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ پر سری نگر میں قیام کے دوران حملہ ہو سکتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے 27 اکتوبر کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی حریت کانفرنس کی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں وادی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔