رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا فیصلہ وزیراعظم کا بہت بڑا قدم ہے ، صدر علوی
کراچی(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ و زیراعظم کا رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا فیصلہ بڑ ا بہت قدم ہے، قرآن مجید اوراسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہم دنیا کی طاقتور ترین قوم بن سکتے ہیں، ہمیں اپنی قوم کی تربیت کرنی چاہئے، اس ضمن میں سب سے پہلے علمائے کرام عبادات کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی تربیت دیں، حکومت اچھی اور معیاری تعلیم کے لئے کام کررہی ہے ۔ہفتہ کو گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنرہائوس میں منعقدہ سیرت النبیؐ کانفرنس سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ایک اہم ستون ہے اور قوم کی تربیت میں اس کا اہم کردار ہے، پاکستان کا میڈیا ایک ذمہ دار میڈیا ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ کانفرنس میں شریک علماو مشائخ کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا تصور رکھتے ہیں اور وہ علماکی مدد کے منتظر ہیں تاکہ ملک کو فلاحی ریاست بنایا جاسکے ۔گورنرسندھ نے کہا کہ میرے اللہ نے وزیر اعظم کے دل میں نبی ؐکی محبت رکھی ہے جب نبیؐکا ذکر آتا ہے ہمارے سر تعظیم میں جھک جاتے ہیں ،وزیر اعظم ہر جگہ ہمارے نبیؐ کی بات کرتے ہیں جو بات دل سے کی جائے وہ اثر کرتی ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نو ر الحق قادری نے کہا ہے کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے ،وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں اور یہ اتھارٹی اس وژن کی عکاس ثابت ہوگی ،اس ضمن میں علما کرام کا کردار انتہائی ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جا سکے ۔