کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ،یوتھ ہاکی کلب، گلیڈی ایٹر ایچ سی فتحیاب
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے چھٹے روز یوتھ ہاکی کلب، کراچی گلیڈی ایٹر ایچ سی نے اپنے میچ جیت لئے تاہم بیچم ایچ سی اور بلدیہ کلب کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، تفصیلات کے مطابق کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے چھٹے روز چیمپئن شپ کے اٹھارویں میچ میں یوتھ ہاکی کلب اورنج نے یازک کلب کو 0-4 سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر یوتھ ہاکی کلب کو 0-2 صفر کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعت یازک کلب کھیل میں واپسی کی تمام کوششیں دم توڑ گئیں، فاتح ٹیم کے عبدالوہاب نے چوتھے اور پندرہویں، میسم عباس نے تیرہویں جبکہ حسن علی نے کھیل کے 25ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-4 سے کامیابی دلادی، چیمپئن شپ کے انیسویں میچ میں کراچی گلیڈی ایٹر نے سبطین رضا کی شاندار ہیٹرک کی مدد سے سی ہاک کلب کو 0-6 سے بآسانی زیر کرلیا، فاتح ٹیم کے سبطین رضا نے 26, 34 اور 35ویں منٹ میں گول کرکے چیمپئن شپ کی دسویں ہیٹرک اپنے نام کی دیگر فاروڈ میں احمد علی نے 10ویں اور 36 ویں منٹ میں اور ریان الرحمٰن نے چھٹے منٹ میں گیند کو مخالف کے جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کی برتری 0-6 سے مستحکم کردی، چیمپئن شپ کا بیسواں میچ بیچم کلب اور بلدیہ ایچ سی کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کھیل کے اغاز میں ہی پہلے منٹ میں بیچم ایچ سی نے فرید منصور کے شاندار گول کے باعث برتری حاصل کرلی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف میں بلدیہ کلب نے میچ میں واپسی کی کوششیں تیز کردی جس کے باعث مخالف کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد بلال نے 21ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا، مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھاتے ہوئے بلدیہ کلب کے بلاول نیازی نے 25ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلادی تاہم بیچم ایچ سی نے ہمت نہیں ہاری اور میچ میں واپسی کے لئے کھیل کے 27ویں منٹ میں مخالف کے گول پوسٹ پر بھر پور حملہ کیا جس کے نتیجے فرید منصور نے ایک بار پھر گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔