نصرت بھٹو کی دسویں برسی‘ بختاور نے تین نسلیں ایک تصویر میں شیئر کر دیں
لاڑکانہ (اے پی پی) سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ بیگم نصرت بھٹو کی دسویں برسی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے نوڈیرو بھٹو ہاؤس میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن خوانی کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے نانی بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر ایک یادگار تصویر اپنی انسٹاگرام سٹوری کی زینت بنائی ہے۔ انہوں نے تصویر کا کیپشن تین نسلیں ایک تصویر میں تحریر کیا۔