عمران خان کا دورہ سعودی عرب روضہ،رسول پر حاضری
جدہ‘ مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ (امیر محمد خان سے‘ ممتاز احمد بڈانی‘ جاوید اقبال بٹ) وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ ان کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ شوکت ترین‘ حماد اظہر بھی ہیں۔ امید ہے کہ وزیر اطلاعات جو دبئی میں ہیں دبئی سے ریاض آکر وفد میں شامل ہونگے۔ وزیراعظم نے مسجد نبوی میںننگے پاؤں روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور ریاض الجنۃ میں نوافل ادا کئے۔ مدینہ منورہ کے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز سمیت سفیرپاکستان بلال اکبر اور اعلیٰ سعودی حکام و سفارتی عہدیداروں نے استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی وعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وزیراعظم ریاض میں ہونے والی ’مڈل ایسٹ گرین انشی ایٹو سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے مسجد نبوی میں روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔ مدینہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم جب جہاز سے باہر آئے تو وہ جوتوںکے بغیر ننگے پیر تھے۔ وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل ہیں۔ سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے۔ رات گئے وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ پہنچ گئے۔ مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم رات گئے عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ جدہ ایئرپورٹ پر نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے استقبال کیا۔