بلوچستان کی عوام آج کوئٹہ میں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنادے گی، بلاول بھٹو زرداری کا وڈیو بیان

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام نے گوجرانوالہ اور سندھ کی عوام نے کراچی میں تاریخوں جلسوں میں اپنا فیصلہ دیا جبکہ بلوچستان کی عوام آج 25اکتوبر کو کوئٹہ میں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنادے گی ، پیپلزپارٹی کے جیالے پی ڈی ایم کے جلسے میں بھر پور شرکت کرکے ایم آر ڈی اور اے آر ڈی تحاریک کی طرز پر پی ڈی ایم تحریک کو کامیاب بنائیں ۔ اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ماضی میں جس طرح ملک کے تمام جمہوری قوتوں نے مل کر ضیاءالحق کے آمریت کے خلاف موومنٹ فار دی ریسٹوریشن آف ڈیموکریسی (ایم آر ڈی ) اور الائنس فار دی ریسٹوریشن آف موومنٹ ( اے آر ڈی ) کی تحریک مشرف کے آمریت کے خلاف تحریکیں چلائی تھیں بالکل اسی طرح پر آج پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے سلیکٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف تحریک شروع کردی ہے جو 1973کے آئین اور اٹھارویں آئینی ترمیم کی تحفظ ، جمہوریت کی بحالی ، عوامی حقوق کے تحفظ اور تبدیلی کے تحفوں بھوک ، غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کی عوام نے گجرانوالہ میں اپنا فیصلہ سنادیا جبکہ سندھ کی عوام نے کارساز کے موقع پر کراچی میں تاریخی جلسے میں اپنا فیصلہ سنایا ، آج 25اکتوبر کو بلوچستان کی عوام کوئٹہ میں اپنا فیصلہ سنادیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کرکے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایم آر ڈی اور اے آر ڈی کی طرز پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کو کامیاب بنائے ۔