پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور شان شاہد نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے پاکستان میں نیٹ فلکس کی طرز کا آن لائن سٹریمنگ ورژن لانچ کرنے کےاقدام کوسراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپربات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے اسے ایک ’’ بڑی خوشخبری ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت اس اقدام کی اشد ضرورت تھی ۔ " میرے پاس تم ہو" کے اداکار نے مزید کہا کہ اس حکومتی قدم سے بہت سے قابل اور ہنرمند افراد کے لیے روزگارکے دروازے کھلیں گے۔
اداکار شان شاہد جو سرکاری ٹیلی ویژن پر غیرملکی مواد نشر کرنے پر خاصی تنقید کرتے نظر آتے ہیں ، انہوں نے فواد چودھری کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ پوری دنیا کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ہمیں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی ضرورت ہے ، پاکستا ن میں کانٹیینٹ تیار کرنے والوں کو اس نئی منڈی میں کام کرنے کی آزادی ملے گی ۔