ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہیں تو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے: لیاقت بلوچ
ملتان (سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی اورملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حضرت محمد ؐ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کیلئے نعمت اور آپؐکی حیات مبارکہ زندگی گزارنے کا نمونہ ہے۔آپ ؐ کے لائے ہوئے نظام شریعت پر عمل سے ہی ہم دنیا اور آخرت کی کامیابیوں کو حاصل کرسکتے ہیں۔اللہ کے نظام میں امت کے سیاسی ،اقتصادی اور سماجی مسائل کا حل ہے۔پاکستان کا آئین اسلامی وفلاحی اور انقلابی ماڈل ریاست بنانے کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہیں تو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے۔ افغانستان میں برطانوی سامراجی ،اشتراکی اور اب امریکی سرپرستی میں نیٹو فورسز بری طرح شکست سے دوچار ہوئیں۔افغان عوام کی ہمیشہ پوری امت نے حمایت کی ہے۔عالم اسلام کی قیادت افغانستان میں کامیابیوں کے ثمرات کو امت کیلئے مفید بنائے۔افغانستان میں کامیابی اور استحکام سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین بھی حل ہوگا۔اتحاد امت عالم اسلام کے مسائل کا حل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک بیلی اسلام آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی ،سابق چیئرمین سینیٹ کمیٹی چیف آف سٹاف جنرل احسان الحق اور ملی یکجہتی کونسل کے قائدین صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر ،راجہ ناصر عباس و دیگر سے ملاقات کی انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران ،ریاست سے ماوریٰ ریاست کا ماحول ،آئین ،مسئلہ کشمیر،افغانستان اور سی پیک کیلئے بڑے خطرات پیدا کررہا ہے۔