ٹریفک حادثات میں طالب علم سمیت 3 جاں بحق‘ 2 طالبات سمیت7 زخمی
جلال پور پیروالا‘ بوریوالا‘ میاں چنوں (نمائندوں سے) ٹریفک حادثات میں طالب علم سمیت 3 افراد جاں بحق‘ 2 طالبات سمیت 7 زخمی‘ جلال پورپیروالہ سے نامہ نگارکے مطابق لاڑ جنوبی کا رہائشی موٹر سائیکل سوار غلام مصطفیٰ بہادرپور کے علاقہ چاہ طوطے والا کے قریب بجلی کے پول سے ٹکرا گیا. جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں 461 (ای بی) لڈن روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار ایک 12 سالہ خالد محمود سکنہ 53 (کے بی) موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ رکشہ میں سوار سکول سے گھر واپس جانے والی دو طالبات امن اور عائشہ سمیت تین افراد زخمی ہو گئے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق بچے کی نعش اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا۔میاں چنوںسے نامہ نگارکے مطابق گاؤں 15 ایٹ بی آر میں رکشہ اور موٹر سائیکل میں ٹکر کی صورت میں تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں نوجوان ماجد ولد نذیر احمد سکنہ 16 ایٹ بی آر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کا علاج جاری ہے، دوسرا حادثہ تلمبہ روڈ نزد موٹر وے آفس رکشہ الٹنے کی صورت میں ہوا جس میں ایک خاتون نسیم بی بی ولد عابد علی اور یاسین ولد رحمت اللہ زخمی ہوگئے، ریسکیو1122 نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال میاں چنوں منتقل کر دیا۔