الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے حامل بچوں کے مابین مصوری‘ مضمون نویسی کے مقابلے
ملتان ( لیڈی رپورٹر)الخدمت فائونڈیشن جنوبی پنجاب کی جانب سے الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے حامل بچوں کے مابین مضمون نویسی اور مصوری مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں جنوبی پنجاب سے آرفن کیئر کے میٹرک اور انٹرکے 50 طلباء نے حصہ لیا۔گزشتہ روز ان طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب مرکزی دفتر جنوبی پنجاب گلگشت میں منعقد کی گئی جس میں سرپرست الخدمت فائونڈیشن رائو محمد ظفر ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر عابدہ خان مہمان خصوصی تھیں ۔اس موقع پر رائومحمد ظفر نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھر میں سینکڑوں یتیم بچوںکی کفالت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔جنوبی پنجاب سے بھی بچے شامل ہیں جن کے تعلیمی اخراجات الخدمت ادا کررہا ہے اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی کی جاتی ہے جبکہ انکی مائوں کو بھی وقتاً فوقتاً تربیت د ی جاتی ہے ۔