بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر کے ان کی تحریک نہیں دبا سکتی: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے کہا کہ قابض بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر کے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی۔ بھارتی تسلط زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ بھارت کو ایک دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے سامنے ہتھیار ڈالنا پڑیں گے۔ کچھ دنوں سے بھارتی فوج کے ظلم و جبر میں مزید اضافہ ہوگیا اور اس نے ایک درجن کے قریب معصوم کشمیریوں کو سرعام گولیوں کا نشانہ بناکر اپنی وحشت اور درندگی کا جو مظاہرہ کیا۔ وہ سوئے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے۔ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی وہ مثالیں قائم کی گئیں جن سے ہلاکو اور چنگیز خان کی روحیں بھی شرما گئیں۔ بھارت نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کا قتل عام کیا، ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے ٹارچر سیلوں اور انٹیروگیشن سنٹرز میں بند ہیں ۔ بھارتی رویہ خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوت کے حامل ہیں اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو پھر یہ جنگ کسی ایک خطے یا علاقے تک محدود نہیں رہے گی ۔ سینیٹر سراج الحق نے ایک بار پھر حکومت پاکستان کو کشمیرکی آزادی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے مطالبہ کیاکہ تمام ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں علیحدہ کشمیر سیل قائم کیے جائیں، ایک نائب وزیر خارجہ مقرر کر کے اسے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے۔