اکبر بگٹی کیس، پرویز مشرف کی ضمانتی مچلکوں کی واپسی کے لئے درخواست کی سماعت ملتوی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے اکبر بگٹی قتل میں نامز دملزم سابق صدر پرویز مشرف کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کے لئے دائر درخواست کی سماعت وکیل کی علا لت کے با عث ملتوی کردی ہے، عدالت سے ان کے وکیل نے سماعت ملتوی کر نے کی استدعا کی تھی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کیس کی سماعت کی تو سابق صدر کے وکیل اختر شاہ علالت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اختر شاہ کے معاون وکیل نے التوا کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے بغیر کاروائی کے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست بیس لاکھ روپیہ کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی لیکن بعد میں ٹرائل کورٹ نے پرویز مشرف کو قتل کے الزام سے بری کردیا تھا۔مقدمہ قتل میں بری ہونے کیباعث پرویز مشرف نے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔