غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش اسر ائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ، شیلنگ، 78 زخمی
غزہ (صباح نیوز) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 78شہری زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی یہ 13 ویں کوشش تھی جسے صہیونی حکام نے ناکام بنا دیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے والے فلسطینیوں پر قابض فوج نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم78 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے 78 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ 22فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے بیسیوں فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔ خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام گذشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی سمندری ناکہ بندی توڑنے کی 13ویں کوشش کی گئی جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا۔ ادھر فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مندوب محمد محمودنے بتایا ہے کہ اسرائیل کی مرکزی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر عدنان وغیث کو اس شرط پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے کہ وہ القدس شہر چھوڑ دیں جبکہ اس کے ساتھ انہیں 20 ہزار شیکل جرمانہ بھی کیا گیا۔خیال رہے کہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر کو ہفتے کے روز اسرائیلی فوج القدس سے حراست میں لینے کے بعد ’’عوفر‘‘ جیل میں ڈال دیا تھا۔