جمہوریت کے نام پر قومی وسائل لوٹنے والے آئندہ حکومت کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ق لیگ کے گجرات سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے چودھری لیاقت علی بھدر نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ومشیر راجہ اشفاق سرور، سید نورالحسن شاہ اور چودھری عابد رضا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چودھری لیاقت علی بھدر کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان کی پارٹی میں شمولیت سے مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہیں۔ صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، بڑے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل سے عوام کو ریلیف مل رہاہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، جمہوریت کے نام پر قومی وسائل کو لوٹنے والے نااہل حکمران آئندہ حکمرانی کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ عوام انہیں اچھی طرح پہچان چکے ہیں،چوروں اور لٹیروں کے دن گنے جاچکے ہیں، عام انتخابات میں عوام نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے اور انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے چودھری لیاقت علی بھدر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ نواز شریف عوام کے لئے امید کی کرن ہیں اور پوری قوم کی اُمیدیں ان سے وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کےلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اور انہوں نے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں پارٹی کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے عید الاضحی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے، نہ صرف عید بلکہ ٹرو اور مرو کو بھی صفائی کے انتظامات کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے جبکہ سٹرکوں پر سری پائے جلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ کھلے آسمان تلے سری پائے جلانے سے نہ صرف گندگی پھیلتی ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ عید کے ایام کے دوران صفائی کے انتظامات میں غفلت کے مرتکب انتظامی افسروں اوراہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت صوبے میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی پر عملدرآمد کرتے ہوئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت روایتی اور متبادل دونوں طریقوں سے بجلی کی پیداوار حاصل کی جائیگی، وقت ضائع کئے بغیر 50-50میگاواٹ کے کوئلے کے 2پلانٹس لگانے کیلئے فی الفور کام شروع کر دیا جائے گا اور ان پلانٹس کیلئے پنجاب حکومت خود سرمایہ لگائے گی۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں اعلی سطحی اجلا س اور ترکی میں انرجی روڈ شو کے انعقاد پر ہونے والے بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہروں کے اندر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے اور صرف مقرر کردہ پوائنٹس پر ہی قربانی کے جانور وں کی خروید و فروخت ہونی چاہئے۔ عید الاضحی کے ایام میں صفائی اور آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے اور ارکان اسمبلی صفائی کے انتظامات کی خودنگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات کے حوالے سے شکایات سیل کو متحرک اور فعال بنایا جائے اور یہ شکایت سیل عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے 24 گھنٹے کام کرے، صفائی پر مامور عملے کی نگرانی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے اور اس ضمن میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رضا کاروں کو بھی عید کے موقع پر صفائی کے انتظامات پر مامور کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے استنبول میں ترکی کی کمپنیوںکی طرف سے انرجی روڈ شو کے کامیاب انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ےہ انرجی روڈ شو پنجاب کے توانائی کے بحران کے حل میں مدد گا ر ثابت ہوگا، دیگر ممالک کی عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں سے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور ترکی کی 22کمپنیوںنے پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرماےہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر استنبول میں انرجی روڈ شو میں شرکت کرنے والے وفد نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے کہا ترکی اور پنجاب کے درمیان دوستانہ تعلقات معاشی اشتراک کار میں بدل چکے ہیں۔ ترک کمپنیوں کو پنجاب میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے۔ ترک کمپنیوں کے نمائندے عنقریب پنجاب کا دورہ کریں گے۔ ہمارے پاس540 ملین ٹن کوئلے کے ذخائر ہےں جبکہ پانی اور سورج کی روشنی سے بھی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ترکی کی کمپنیوں نے پنجاب میں کوئلے سے توانائی کی پیداوار میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ لہذا اس ضمن میں بغیر وقت ضائع کئے پیش رفت کی جائے اور 50،50میگا واٹ کے کوئلے کے 2 پلانٹس لگانے کے لئے فی الفور کام شروع کردیا جائے اور ان پلانٹس کے لئے پنجاب حکومت خود سرماےہ لگائے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ دونوں منصوبوں کا بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ توانائی کے منصوبوں کی انٹرنیشنل ٹینڈرنگ کا کام شفافیت سے کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بجلی کا بحران کسی ایک صوبے کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ ہم سب پاکستانی ہےں، ہمیں اس موقع سے بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ اس لئے پنجاب حکومت کی طرف سے بھی ایک وفد مجوزہ انرجی روڈ شو میں شرکت کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کی سیاسی قیادت خصوصاً ترک صدر عبداﷲ گل، وزیراعظم رجب طیب اردگان اور میئر استنبول قادرتوپباش پنجاب میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیںشہباز شریف نے مختلف بس کمپنیوں کی طرف سے بسوں کی مرمت کے لئے مطلوبہ تعداد میں موبائل ورکشاپس قائم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نےسیکرٹری ٹرانسپورٹ اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے حکام کوہدایت کی کہ بس کمپنیوں کو موبائل ورکشاپس کی تعداد میں اضافے کا پابند کیا جائے اور بسوں کے آٹو پارٹس کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے سینئر صحافی محمد مالک کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔