لاہور آج صبح بھی دنیا کے آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔لاہور میں آج بھی ایئر کوالٹی انڈیکس 352 ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب دنیا کےآلودہ ترین شہروں میں لاہور کا شمار پہلے نمبر پرکیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہر گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی اسموگ کے ڈیرے برقرار ہیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ شہروں کی فضا انتہائی مضر صحت ہونے کی وجہ سے 24 گھنٹوں میں اسموگ کی شدت سے بیمار ہوکر 66 ہزار سے زائد افراد اسپتال پہنچ گئے۔اسموگ کے باعث شہریوں کو نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات ہورہی ہے جس پر طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ سے نمٹنے کیلئے لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نرم لاک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے جب کہ ملتان، ساہیوال اورسرگودھا ڈویژن میں بھی آج سے تین دن کے لیے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں۔اس کے ساتھ آج اور کل مارکیٹیں تین بجے کھلیں گی اور اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رکھنا ہوگا۔