عوام کو صحت کی سہولیات، معیاری تعلیم اور بروقت انصاف کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے:عوام کو صحت کی سہولیات، معیاری تعلیم اور بروقت انصاف کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات، معیاری تعلیم اور بروقت انصاف کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے اور ان کا سردار عثمان خان بزدار کو وزیر اعلیٰ منتخب کرنا اس علاقہ سے محبت کا نتیجہ ہے کیونکہ دھرتی کا بیٹا ہی یہاں کے مسائل اور محرومیوں کا ازالہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں صرف بڑے شہروں میں سیاسی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے شو بازیاں کی گئیں اور چھوٹے قصبوں پر کوئی توجہ نہ دی گئی جس سے یہاں کے لوگوں کا احساس محرومی مزید بڑھا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لیہ میں صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محض وعدے نہیں کرتی بلکہ ان وعدوں پر عمل بھی کرتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر مستحق خاندان کو انصاف صحت کارڈ ملے گا۔ اس سال جون تک پچاس فیصد اور اگلے سال سوفیصد صحت کارڈ فراہم کردئیے جائیں گے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ نے کہا کہ کارڈ کی تقسیم کیلئے بڑے ہسپتال کے بجائے چھوٹے سنٹر کو منتخب کیا کیونکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کے وژن کے مطابق گزشتہ ادوار میں نظر انداز کئے گئے اور محروم لوگوں کو آگے لاکر حقیقی تبدیلی لانی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی جانب سے عوام کے لئے صحت میڈیسن کارڈ کا انقلابی پروگرام شروع کیاگیا جس کے تحت عوام کو ٹی بی، ہیپاٹائٹس،ایڈز کے علاج معالجہ کے لئے مفت ادویات ملیں گی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جمن شاہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف بھی لیا۔ ڈاکٹر فردوس نے لیہ میں صحافی کالونی کیلئے معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی اور ڈپٹی کمشنر کو ابتدائی کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا یہاں ''بابو'' کے بجائے عوام کی خدمت کرنے والے افسران اور متحرک سیاسی لیڈرشپ خدمات سر انجام دے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق کے کہا کہ علاج کیلئے لندن جانے والے ہسپتال جانے کے بجائے اکثر شاپنگ سنٹرز ل میں نظر آتے ہیں۔ رنگ باز خاندان کی اپنی پارٹی ان کے انتظار میں ہلکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کے وقت کا فیصلہ ہونے کے بعد شہباز شریف کی پے رول پر رہائی کا فیصلہ ہوگا۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے بجائے کورونا سے لڑے، زندگی رہی تو نوک جھونک چلتی رہے گی۔