پنجاب کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ کو پیرول پر رہا کرنے کی اجازت دیدی

پنجاب کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔پنجاب کابینہ نے صدر(ن)لیگ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، تھروسرکولیشن صوبائی کابینہ سے منظوری کی سمری وزیراعلی پنجاب کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کے لیے پنجاب کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دو ہفتوں کی رہائی کیلئے درخواست دی تھی۔ لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بیگم شمیم اختر کے جنازے پر لاکھوں لوگ تعزیت کیلئے آئیں گے، اس موقع پر شہباز شریف اور ان کے بیٹے کی موجودگی ضروری ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست جمع کروا دی گئی تھی۔ ن لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرائی۔درخواست میں 2 ہفتے کی پیرول کی استدعا کی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور حمزہ شہباز قائد حزب اختلاف پنجاب ہیں، ان سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے 2 ہفتے کی پیرول کی درخواست کی گئی ہے، ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔