1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں شاندار کارنامے دکھا نے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہوا بازائیر مارشل (ریٹائرڈ) دلاور حسین آج اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے عظیم جنگی ہیرو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے 1965اور1971 کی پاک بھارت جنگوں میں انکے جرأت مندانہ کارناموں کو سراہا۔ مزید براں ائیر چیف نے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ تھے اور ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے یاد رکھے جائیں گے۔
1940ء میں کوئٹہ میں جنم لینے والے دلاور حسین نے مارچ 1962ء میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ 1965 ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران وہ پی اے ایف بیس پشا ور کے 19 اسکواڈرن میں تعینات تھے۔ دشمن کو بہت زیادہ بھاری نقصان پہنچانے کے علاوہ ان کی فارمیشن نے پٹھان کوٹ ائیر فیلڈ پر موجود 14 بھارتی جنگی جہازوں کو تباہ کر دیا۔اس جنگ میں ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ''ستارہ جرات'' سے نوازا گیا۔