جدہ میں پٹرول اسٹیشن پر حملے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

سعودی وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ جدہ کے شمال میں واقع پٹرول اسٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ایک آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم اس آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے میں کامیاب ہو گئیں ہیں اور اس حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔حکام کا کہنا تھا کہ حملے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اور آرامکو کے اس اسٹیشن سے تیل کی ترسیل اور فراہمی متاثر نہیں ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مملکت اس بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی اور تخریب کاری کی وارداتوں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنا کر دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔