قومی ہاکی چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم واپڈا کے اعزاز میں تقریب

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے 66ویں قومی ہاکی چیمپئن جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ واپڈا ہاؤس میں تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا / واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل( ر) مزمل حسین تھے‘کھلاڑیوں اورمینجمنٹ میں دس لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ 66 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں کامیابی کے بعد اب واپڈا کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اِس کی ہاکی ٹیمیں بیک وقت مینز، ویمنز اور جونیئر قومی چیمپئن ہیں۔چیئرمین واپڈا نے جیت پر کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ اْنہوں نے کہا کہ قومی چیمپئن شپ میں واپڈا ہاکی ٹیم کی کامیابی شاندار رہی اور واپڈا 9 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ واپڈا گزشتہ 60 سال سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی اور اْن کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ زندگی میں تگ و دو کا سب سے اچھا سبق کھیلوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کھیل ایک ایسا عمل ہے جو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے کسی بھی ملک، ادارے یا فرد کیلئے بہت ضروری ہے ‘جذبہ اور عزم کی بدولت ہم کھیلوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔