پولیس بھرتی ‘ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا حکم
لاہور( نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ قابل اور محنتی ہیومن ریسورس کو پنجاب پولیس کا حصہ بنانے کیلئے بھرتی کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے جبکہ انٹرویو سیشن میں امیدارواوں کی ذہنی صلاحیتوں کے بہتر تجزیے کیلئے ماہر ین نفسیات کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے تاکہ اعلی ذہنی و تعمیری صلاحیتوں کے حامل اہلکار پولیس فورس کا حصہ بنیں جنہیں ٹریننگ کالجز میں ماہر ٹرینرز کی زیر نگرانی جدید پولیسنگ کے مطابق بہترین تربیتی عمل سے گذار کر پروفیشنل پولیس آفیسر کے طور پر تیار کیا جائے جو فیلڈ میں آکرعوام کی خدمت اور حفاظت کے فرائض پوری دلجمعی، لگن اور بھرپور محنت کے ساتھ سرانجام دیں۔ ملازمین کے چھٹی کے حصول، جی پی فنڈاورمالی معاونت سے متعلق کیسزمیں دانستہ تاخیر کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں جن کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی سے گریز نہ کیا جائے۔ کروناکے بڑھتے خطرات کے پیش نظر صوبہ بھر میں پولیس دفاتر، یونٹس، تھانوں اور فیلڈ میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر ہر صورت یقینی بنائیں اور انہیں فیس ماسک، سینیٹائزر، حفاظتی کٹس اور دیگر حفاظتی سامان کی فراہمی میں تعطل نہ آنے پائے۔ کرونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان کی فراہمی میں اگر کسی ضلع کو وسائل یا مدد درکار ہے تو فوری سنٹرل پولیس آفس سے رابطہ کرے اور تمام ڈی پی اوز فورس کو کرونا سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی نگرانی میں بروقت اقدات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی آئی ٹی کو ہدایت کی کہ فورس کی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سافٹ وئیرز کی اپ گریڈیشن کرتے ہوئے انہیں ایک جدید فیچر کے اتھ فورس کے سنٹرل ایچ آر ایم آئی ایس سسٹم کے ساتھ انٹی گریڈ کیا جائے تاکہ ویلفیئر برانچ سے کسی بھی مد میں استفادہ کرنیوالے اہلکار کی تفصیل اسکے اکاؤنٹ میں اپ ڈیٹ ہوتی رہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں زیر التواء یا تاخیر کے شکار ویلفیئر پراجیکٹس کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتہ میں سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے تاکہ ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جاسکے۔یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس فورس کی ویلفیئر اور بھرتی کے امور سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور ویلفیئر اینڈ فنانس اظہر حمید کھوکھر نے آئی جی پنجاب کوپیشہ ورانہ امور بارے بریفنگ دی۔